انوائرمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام یوم آزادی تقریبات‘ شجرکاری مہم کا افتتاح
لاہور (لیڈی رپورٹر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ درخت نہ صرف ماحول کو صاف ستھرا رکھتے ہیں بلکہ انسانی رویوں پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر آئیں ہم عہد کریں کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ارض وطن کو سرسبز و شاداب اور آلودگی سے پاک صاف بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام بسلسلہ یوم آزادی تقریبات شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ شجر کاری مہم میں ڈین فیکلٹی آف جیو سائنسز اور پرنسپل کالج ہذا پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات نے ایک کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کو کالج آف ارتھ اینڈ انوائرمنٹل سائنسز آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے طلباء کو درختوں کی اہمیت و افادیت پر خصوصی لیکچر بھی دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید کا کہنا تھا کہ ماحول دوست سرگرمیاں ہماری آنیوالی نسلوں کی بقاء کی ضامن ہیں۔ صحت مند دماغ صحت مند اور صاف ماحول کا عکاس ہے۔ تعمیری سرگرمیوں کیلئے مثبت سوچ اور تحقیقی انداز فکر ہی ہماری صلاحیتوں کو جلا بخشتا ہے۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ شجر کاری مہم میں بھرپور انداز میں حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔