• news

’’رسک زیرو‘‘ ہونے تک نواز شریف واپسی کا نہیں سوچیں گے: خرم گنڈاپور

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے اس بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’رسک زیرو‘‘ ہونے تک نواز شریف واپسی کا نہیں سوچیں گے۔ پہلے کہا گیا وہ علاج کے بعد واپس آجائیں گے اور خود کو قانون کے حوالے کر دیں گے۔ اب ’’رسک زیرو‘‘ والی نئی بیماری لاحق ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم کا فرمان ہے کہ طاقتور مجرموں کو رعایتیں اور چھوٹے مجرموں کو سزائیں دینے والی قومیں تباہ ہوئیں۔ نواز شریف کو عدلیہ نے سزا دی اور وہ چند ہفتوں کاوعدہ کر کے بیرون ملک گئے اور پھر واپس نہیں آئے جو آئین و قانون کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے۔ سیاستدانوں کو ہر اعتبار سے رول ماڈل ہونا چاہیے۔ طاقتور اگر خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھیں گے تو یہ تاثر پختہ ہو گا کہ قانون صرف کمزوروں کے لئے ہے۔ اس تاثر کے ساتھ ملک اور قوم کبھی مستحکم نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیر دفاع کے بیان سے لگتا ہے کہ بیماری کوئی نہیں صرف ’’زیرو رسک‘‘ کا انتظار ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کو اس بیان اور گارنٹی دینے والوں کے معاملے کا ازسرنو جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہاکہ رولز کے مطابق نگران وزیر اعظم کی نامزدگی وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کرتے ہیں اور ایسا ہی تاثر دیا گیا اب ن لیگ کے رہنما اس سے انحراف کر رہے ہیں اگر نامزدگی ضابطے کے مطابق نہیں ہوئی تو پھر کس نے کی؟وہ اس کی وضاحت بھی کریں۔

ای پیپر-دی نیشن