• news

ذوالفقار علی انجم قومی سرمایہ کاری بورڈکے ممبر نامزد‘نوٹیفکیشن جاری

لاہور(کامرس رپورٹر )  ملک کے معروف صنعت کار وولکا فوڈ انٹرنیشنل، ایس ایم فوڈ انٹرنیشنل اور سلور لیک فوڈز گروپ کے چیئرمین چوہدری ذوالفقار علی انجم کو قومی سرمایہ کاری بورڈ کا ممبر نامزد کر دیا گیا۔ جس کا حکومت پاکستان نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ فیڈرل گورنمنٹ نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ترمیمی ایکٹ 2023  کی شق-3 کے تحت یہ نامزدگی عرصہ دو سال کے لیے عمل میں لائی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق وفاقی حکومت نے 25 ارکان پر مشتمل نیا سرمایہ کاری بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ میں 12 ارکان سرکاری اداروں سے اور 13 ممبران نجی کاروباری شعبہ سے شامل ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان سرمایہ کاری بورڈ کے صدر ہوں گے۔ اس نامزدگی پر ملک بھر کے نامور صنعت کاروں نے چوہدری ذوالفقار علی انجم کو مبارک باد پیش کی اور ان کی محنت اور خدمات کو سراہا۔ محنت اور لگن کے بل بوتے پر سلور لیک فوڈز پراڈکٹس نے پاکستان کے 100 ٹاپ ایکسپورٹرز میں 46ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ گزشتہ برس اس گروپ کی 57ویں پوزیشن تھی۔ اس سال ایس ایم فوڈ کی برآمدات 76.908 ملین امریکی ڈالرز ہے۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ کا بنیادی مقصد معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بورڈ کے منصوبوں کے بارے آگاہی اور سہولت فراہم کرنا ہے۔ تاکہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے میدان میں اقتصادی اور سماجی شعبوں میں آگے بڑھ سکے ۔

ای پیپر-دی نیشن