• news

جدہ ‘ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں76 واں یوم آزادی منایا گیا

جدہ ( نوائے وقت رپورٹ)قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ میں پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ قونصل جنرل جناب خالد مجید نے  قومی ترانے کی گونج میں سبز ہلالی پرچم لہرایا۔    تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے شرکت کی اور پاکستان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔  صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے الگ الگ خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔قونصل جنرل جناب خالد مجید نے اپنے خطاب میں پاکستان کی تاریخ میں اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔  انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔قونصل جنرل نے مملکت میں پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے پاک سعودی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بامعنی کردار ادا کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کی بھی تعریف کی۔  نوجوان پاکستانی طلباء نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے۔ علاوہ ازیں پاکستان سے خصوصی طور پر ائے گلوکار فرحان تبسم نے ملی نغمے گا کر حاضرین کا جوش ولولہ بڑھایا ہے۔ تقریب کا اختتام پر کیک کاٹا گیا  اور  پاکستان، سعودی عرب اور کشمیری بھائیوں  کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن