جشن آزادی پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جشن آزادی پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے پر پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے وائرلیس پیغام میں پوری فورس کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ بھی ادا کیا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہائی الرٹ ہو کر بہترین ڈیوٹی ادا کی، جشن آزادی کی خوشیاں منانے کیلئے پولیس نے شہریوں کو مکمل پرامن ماحول فراہم کیا، پولیس ٹیموں نے شدید رش میں امن و امان کی فضا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی، شاہراہوں، پارکوں، تفریحی مقامات پر فیملیز اور خواتین کو تحفظ فراہم کیا گیا، اعلی ترین حکومتی سطح پر بھی پولیس فورس کی شاندار کارکردگی کو سراہا گیا، کانسٹیبل سیایڈیشنل آئی جی رینک تمام افسران و اہلکار اس ستائش کے مستحق ہیں، غیر ملکی شہریوں کے تحفظ پر تعینات ایس پی یو کے جوان، کچے کے محاذ پر ڈٹے ہوئے جانبازوں سمیت پوری فورس نے بہترین ڈیوٹی ادا کی، سپیشل برانچ کے افسران و اہلکار، سی ٹی ڈی کارپورلز، ٹریفک پولیس و ڈولفن فورس کے جوان تمام فیلڈ فارمیشنز نے بہترین فرائض ادا کئے، اہم ترین موقع پر بہترین ڈیوٹی ادا کرنے پر پوری فورس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ امید کرتا ہوں خدمت خلق اور فرض شناسی کے اسی جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی فرائض کی ادائیگی جاری رہیگی۔