• news

چینی وزارت خارجہ کا سی پیک کیخلاف سازشیں ناکام بنانے کا عزم 

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے میڈیا کو دی گئی معمول کی بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور پاکستان سے دوستی سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔چین دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ حفاظتی اقدامات اور پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی موثر سلامتی کیلئے کام جاری رکھے گا۔بین الاقوامی حالات جیسے بھی ہوں اور پاکستان کے اندرونی حالات تبدیل ہوسکتے ہیں لیکن چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی ہمیشہ مضبوط رہے گی اور کبھی نہیں توڑی جاسکے گی۔
جب سے چین کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ شروع کیا گیا ہے‘ اسے سبوتاژکرنے کی عالمی سازشیں بھی جاری ہیں جبکہ بھارت اور امریکہ تو کھل کر اسکی مخالفت کر رہے ہیں اور اسے ناکام بنانے کی سازشوں میں ہمہ تن مصروف ہیں۔ حالانکہ یہ منصوبہ چین اور پاکستان کیلئے ہی نہیں، خطے سمیت دنیا کے دوسرے ممالک کیلئے بھی فائدہ مند ہے جو روشن مستقبل کی ضمانت دیتا ہے۔ سی پیک کے تحت پاکستان میں کئی چھوٹے بڑے منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے اور بہت سے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں جن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی دور حکومت میں سی پیک کے حوالے سے کچھ رکاوٹیں سامنے آئی تھیں‘ اب وہ بھی دور ہو چکی ہیں۔ اس منصوبے کے تحت پوری دنیا کی منڈیاں ایک گلوبل مارکیٹ بنتی جا رہی ہیں‘ جہاں سب کی رسائی آسان ہوجائیگی۔ جس طرح پاک چین دوستی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے اوران دونوں ملکوں نے اپنی لازوال دوستی پر کبھی حرف نہیں آنے دیا‘ اسی طرح دونوں ممالک کی جانب سے سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنایا جاتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن