• news

ویمنز فیفا ورلڈ کپ: سپین کی ٹیم پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچ گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر )سپین کی ٹیم ویمنز فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی، پہلے سیمی فائنل میں سپین نے سویڈن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر پہلی مرتبہ ورلڈکپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔آکلینڈ میں ہونے والے فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سپین اور سویڈن کی ٹیموں نے پہلے ہاف میں ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر خوب حملے کیے مگر گول نہ کرسکیں۔دوسرے ہاف میں بھی دونوں جانب کی پلیئرز کے درمیان گیند کو جال میں پہنچانے کی کشمکش جاری رہی، کھیل کے آخری دس منٹوں میں کھیل میں تیزی آئی،81ویں منٹ میں سلما پیرالو نے گول کرکے سپین کو برتری دلادی، جسے سویڈن کی ریبیکا نے 88ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابرکردیا۔ایک منٹ بعد ہی سپین کی کارمونا نے ٹیم کا دوسرا گول کردیا اور میچ اسی سکور پر ختم ہوا۔سپینش ٹیم پہلی مرتبہ فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے، جہاں اس کا مقابلہ میزبان آسٹریلیا یا انگلینڈ سے اتوار کو ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن