نظر بندی سے پہلے اجازت ، ہائیکورٹ نے سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کردیا
لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن اور جسٹس مرزا وقاص رئوف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے 3 ایم پی او نظر بندی کے خلاف پیشگی عدالتی اجازت کی پابندی کا سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کردیا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کی اپیل منظور کرتے ہوئے فریقین سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ بغیر وجہ بتائے نظر بندی کا آئین اور قانون اختیار دیتا ہے جسے ختم یا معطل نہیں کیا جا سکتا۔ نظر بندی کا ڈپٹی کمشنر کا صوابدیدی اختیار ختم ہو تو اس کی افادیت اور اہمیت بھی ختم ہوجاتی ہے۔ عدالت نظر بندی اقدام مشروط کرنے کا سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر نظر بند کرنے سے پہلے پیشگی اجازت کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کردیا۔