نگران حکومت نے ظالمانہ اقدامات کی توثیق کردی، پٹرول مہنگا کرنے کیخلاف کل احتجاج: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کل جمعہ 18اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت نے آتے ہی سابق حکومتوں کے ظالمانہ اقدامات کی توثیق کر دی۔ پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمتوں میں یکمشت 20روپے اضافہ ظلم کی انتہا ہے، جماعت اسلامی اسے مسترد اور فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔ غریبوں میں مہنگائی کا مزید بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں۔ قوم اپنے حق کے لیے آواز بلند کرے اور جماعت اسلامی کے پرامن احتجاج کا حصہ بنے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں ہونے والے پرتشدد واقعات کی پرزور مذمت کی اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، سازش کے تحت ملک کے امن کو برباد کیا جا رہا ہے، وفاقی و صوبائی نگران حکومتیں اور سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ سراج الحق نے کہا کہ نگران حکومت سے توقع تھی کہ گزشتہ پانچ برس کے ظالمانہ اقدامات کے ازالہ کے طور پر مہنگائی میں کمی کر کے پسے ہوئے عوام کو ریلیف دے گی مگر یوم آزادی کے ایک روز بعد ہی عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا۔ 98 فیصد عوام کے وسائل پر دو فیصد اشرافیہ قابض ہے، عوام کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین آپشن ہے۔ وسائل کو قوم کی بہتری اور ملک کی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ظالموں، لٹیروں کا کڑا احتساب ہو گا۔