جڑانوالہ واقعہ، پنجاب حکومت نے اعلیٰ سطح انکوائری کا حکم دے دیا
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت نے جڑانوالہ واقعہ کی فوری طور پر اعلیٰ سطح انکوائری کا حکم دے دیا۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے اندر امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ قرآن پاک کی بے حرمتی اور مسلمانوںکے جذبات کو مجروح کیا گیا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کی بروقت کارروائی کی وجہ سے مساجد سے یہ اعلان بھی کرایا گیا کہ انتظامیہ اس پر کارروائی کر رہی ہے، لیکن قرآن پاک کی بے حرمتی کی وجہ سے اشتعال بڑھ چکا تھا اور پانچ سے چھ ہزار کا مجمع مختلف ٹولیوں کی صورت میں جڑانوالہ کے مختلف علاقوں میں اکٹھا ہوا اور انہوں نے ایک اقلیت کی آبادیوں پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ جس کو پولیس نے کئی جگہوں پر ناکام بنایا۔ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، جس کو بروقت کارروائی کر کے روکا گیا۔ امن کمیٹی کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔ امن کمیٹی اور تمام جماعتوں کے ارکان نے اس واقعہ کی مذمت کی اور اس کے ساتھ ساتھ یقین دہانی کرائی کہ کوئی بھی جماعت کسی بھی منیارٹی کی پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے حق میں نہیں ہے۔ لوگ مختلف ٹولیوں میں، مختلف جگہوںپر عیسائی آبادیوں پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرتے رہے اور پولیس ان کو بچاتی رہی۔ پولیس اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے تمام حضرات نے اہم کردار ادا کیا۔ اس کی وجہ سے الحمد للہ کسی بھی جانی نقصان کی خبر نہیں آئی۔ پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے سو سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا۔ تمام ویڈیو فوٹیجز موجود ہیں۔سائنٹفک طریقے کے ساتھ ان کی تفتیش جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کر لیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری مختلف جگہوں پر موجود ہے۔ اور اپنا کام کر رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کے امن کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔ پورے پنجاب میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی میٹنگز کرلی گئی ہیں۔ فیصل آباد میں 7 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ جڑانوالہ میں تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔ دوپہر بارہ بجے ہی صوبے بھر کی امن کمیٹیوں کو بلوا کر تمام عبادت گاہوں پر سکیورٹی لگا دی گئی۔ پولیس اور انتظامیہ اور امن کمیٹی کے تحرک کی وجہ سے الحمد للہ امن و امان کا پورے صوبے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ حکومت پنجاب اور اس کے تمام ادارے متحرک ہیں۔ اور انشاء اللہ تعالیٰ حالات کو قابو میں رکھے ہوئے ہیں۔ کمشنر فیصل آباد، آر پی او فیصل آباد، ڈی سی فیصل آباد، اور سی پی او فیصل آباد تمام نفری کے ساتھ صبح سے موقع پر موجود ہیں۔ آئی جی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور مختلف انٹیلی جنس کے ادارے جڑانوالہ کے قریب موجود ہیں۔