وزیر آباد: پولیس، اینٹی کرپشن کا حامد ناصر چٹھہ کی رہائش گاہ پرچھاپہ، گھر میں موجود نہیں تھے
وزیر آباد (نامہ نگار) بزرگ سیاستدان چوہدری حامد ناصر چٹھہ اور پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد احمد چٹھہ کی حویلی احمد نگر چٹھہ پر پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کا چھاپہ، پولیس حکام محمد احمد چٹھہ کو تلاش کرتے رہے۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی چوہدری حامد ناصر چٹھہ اور سابق ضلع ناظم چوہدری محمد فیاض چٹھہ بھی حویلی موجود نہ تھے۔ پولیس ناکام واپس لوٹ گئی۔ وزیر آباد کے علاقہ احمد نگر چٹھہ میں بزرگ سیاستدان چوہدری حامد ناصر چٹھہ کی رہائش گاہ پر پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن پولیس گوجرانوالہ کا چھاپہ، پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد احمد چٹھہ کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا، احمد چٹھہ 9 مئی کے واقعات کے بعد روپوش ہو چکے ہیں۔ احمد چٹھہ پر احمد نگر میں اپنی ملکیتی جائیداد زرعی زمین کو غیر قانونی طور پر پلاٹ بنا کر بیچنے کا الزام ہے۔ بتایا گیا ہے احمد چٹھہ پر تھانہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ میں مقدمہ درج ہے۔ گذشتہ شب تھانہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ اور پنجاب پولیس نے ایس پی صدر اور ڈی ایس پی وزیرآباد کی نگرانی میں چھاپہ مارا اور گھر کی تلاشی لی۔ احمد چٹھہ 9 مئی کے واقعات کے بعد روپوش ہیں۔ پولیس ناکام واپس لوٹ گئی۔ 150 کے قریب پولیس ملازمین کارروائی کے دوران حویلی آئے۔