مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس، آج سپریم کورٹ طلب
کراچی (این این آئی‘ نیٹ نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے وزیراعلی سید مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا اور انہیں طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجر اور اورنگی ٹائون متاثرین کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ، کمشنر کراچی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو آج جمعرات طلب کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ وزیراعلی کے دو چار دن رہ گئے ہیں، لہذا انہیں جیل بھیج کر کیا کریں گے۔ عدالت نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ متاثرین کی بحالی کے لیے دو سال کا وقت دیا تھا۔ ماہانہ رپورٹ بھی جمع کرانے کی ہدایت کی تھی لیکن سندھ حکومت نے تاحال کوئی رپورٹ پیش نہیں کی۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے مراد علی شاہ کو توہین عدالت پر جیل بھیجنے کے مطالبے پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ وزیراعلیٰ کو جیل بھیج کر کیا کر لیں گے، آپ بھی عملدرآمد چاہتے ہیں ہم بھی، ایسے لوگوں کو احکامات جاری کرتے ہیں جن سے ہم کچھ حاصل کر سکیں۔ مراد علی شاہ کل آکر کہہ سکتے ہیں میں وزیراعلیٰ نہیں رہا، میں نے اپنے دور میں بہت کوشش کی لیکن عملدرآمد نہیں ہو سکا، ہم سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔ آج کل میں نگران حکومت آجائے گی تو متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت آج تک کے لیے ملتوی کر دی۔