پاکستان اور چین گہرے دوست ‘سدا بہار سٹریٹجک شراکت دار : معین الحق
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے متحرک نوجوانوں کی مدد سے ڈیجیٹل پاکستان کے تبدیلی کے سفر کا آغاز کیا ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے چین -جنوبی ایشیا ایکسپو ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے چین کے شہر کن منگ میں منعقدہ ایکسپو میں چائنا-جنوبی ایشیا ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تعاون پر مبنی جدت‘‘ کے موضوع پر ہونے والے چوتھے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے متحرک نوجوانوں کی مدد سے ڈیجیٹل پاکستان کے تبدیلی کے سفر کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد ہیں اور ہم نوجوانوں کی اختراعی صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی رفتار کو نئی شکل دینے کے خواہاں ہیں اور سپیشل ٹیکنالوجیکل زون اتھارٹی کے قیام کے ذریعے ہم اختراعات، انٹرپرینیورشپ اور تحقیق کے ایکو سسٹم کو پروان چڑھا رہے ہیں۔