رضوانہ کی پہلی پلاسٹک سرجری :سول جج عاصم حفیظ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا
لاہور(نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ)پرنسپل پوست گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں زیرعلاج تشددکا شکارگھریلوملازمہ رضوانہ کی پہلی پلاسٹک سرجری کردی گئی ہے اور رضوانہ کے دونوں گالوں اورآنکھ کے زخم کی گرافٹنگ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر متاثرہ لڑکی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور راؤنڈ دی کلاک ڈاکٹرز و نرسز اس کی نگہداشت پر مامور ہیں۔ زخموں کی صفائی اور گرافٹنگ ایک مشکل عمل ہے اوررضوانہ کی صحت بارے صوبائی وزیر صحت کو روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کرتے ہیں۔میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر جودت سلیم نے کہا کہ رضوانہ کے سراورکمرکے زخم صاف کرکے پٹی کی گئی ہے اورپلیٹ لیٹس اور خون کی مقدار بہتر ہوچکی ہے۔ادھر رضوانہ پر تشدد کے کیس کی ملزمہ کے شوہر سول جج عاصم حفیظ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سول جج عاصم حفیظ کو راولپنڈی میں او ایس ڈی تعینات کر دیا ہے۔ رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے عاصم حفیظ کا بطور او ایس ڈی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔