جسٹس طارق مسعود کیخلاف ریفرنس فوری خارج کیا جائے: پنجاب بار کونسل
لاہور (خبر نگار) پنجاب بار کونسل نے اعلیٰ عدلیہ کے جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کی مخالفت کر دی ہے۔ پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین بشارت اللہ خان، چیئر مین ایگزیکٹوکمیٹی آصف شہزاد چودھری اور دیگر ممبران نے پاکستان کی نام نہاد سول سوسائٹی کی جانب سے جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ریفرنس میں جسٹس سردار طارق مسعود پر مبینہ مالی بد دیانتی اور تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس سردار طارق مسعود انتہائی قابل، دیانتدار اور آزاد جج ہیں کیونکہ چیف جسٹس پاکستان نے پہلے ہی جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف دائر سابقہ ریفرنس ابتدائی انکوائری کی غرض سے جسٹس طارق مسعود کو بھیج دیا ہے لہذا موجودہ ریفرنس پر دبائو ڈالنے کی غرض سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ریفرنس کو فوری طور پر خارج کیا جائے۔