• news

کراچی: پولیس، رینجرز کی مشترکہ کارروائی، ملک گیر وارداتوں میں ملوث گروہ گرفتار

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملک بھر میں وارداتیں کرنے والے گروہ  کے سرغنہ سمیت پریڈی تھانے کی حدود سے ڈھائی کروڑ روپے لوٹنے کی واردات میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ سندھ رینجرز کے قلندر ونگ کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل علی موسیٰ اور ایس ایس پی ساؤتھ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 5 اگست کو پریڈی کے علاقے میں ڈھائی کروڑ روپے لوٹنے کی واردات ہوئی تھی۔ ملزمان تک پہنچنے کیلئے رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر کیس پر کام کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ گروہ پورے پاکستان میں وارداتیں کرتا آیا ہے۔ اورنگی، صدر اور دیگر علاقوں میں مشترکہ کارروائیوں کے بعد گروہ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 3 پستول اور لوٹی گئی رقم میں سے ایک کروڑ 92 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں۔ جبکہ ملزمان کے قبضے سے 2 موٹر سائیکل اور 12 موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ملزموں نے صدر میں صراف سے 200 ڈالر لوٹنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن