شہر کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے پولیس افسروں کو ٹارگٹس مل گئے
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے شہر لاہور کو اسلحہ سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کوسپیشل ٹارگٹس دیدیئے ہیں۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ پولیس افسران اسلحہ دوکانوں کی انسپکشن کریں اور بغیر لائسنس اسلحہ کی دوکانوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران اب تک اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر479 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان سے 4 کلاشنکوف، 33 رائفلز، 19بندوقیں،408 پسٹلز اورسینکڑوں گولیاںبرآمدکی ہیں۔کینٹ ڈویڑن نے 82، سول لائنز 47،سٹی135، اقبال ٹاؤن 69، صدر 72اورماڈل ٹاؤن ڈویژن نے 74مقدمات درج کئے۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ لاہور کے مضافاتی علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی اسلحہ کی بابت سرچ آپریشنزکئے جائیں۔لاہور پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف تادیبی کارروائیاں جاری رکھے گی۔ڈالہ کلچر اور اسلحہ کی نمائش سے شہریوں میں خوف وہراس پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ لاہور پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ شہری اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی اطلاع 15پر پولیس کو دیں۔