• news

آئی جی پنجاب کا سیالکوٹ میں شہید اے ایس آئی شہزاد کو خراج عقیدت پیش

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیالکوٹ میں ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار شہزاد احمد چیمہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اے ایس آئی شہزاد چیمہ نے دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرکے فرض شناسی کی اعلی ترین مثال قائم کی، محکمہ فرض کی راہ میں جان قربان کرنے پر اپنے بہادر فرزند کو کبھی فراموش نہیں کریگا، شہید کی فیملی کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائیگا، پنجاب پولیس اے ایس آئی شہزاد چیمہ جیسے 1600 سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے، ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ اے ایس آئی شہزاد احمد چیمہ سی آئی اے سیالکوٹ میں تعینات تھے، اے ایس آئی شہزاد نے متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزم لیاقت عرف چھوٹو کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا، ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر اے ایس آئی شہزاد شہید ہو گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن