وہاب ریاض کا انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان ‘آبدیدہ ہوگئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور مشیرکھیل پنجاب وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا‘اعلان کرتے وقت آبدیدہ ہوگئے ۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تھینک یوپاکستان تھینک یو پاکستان کرکٹ بورڈ اور میں اپنے فرینڈز فیملی اور کیرئیر میں ساتھ دینے والے تمام دوستوں،کوچز اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے مجھے اس قابل بنایا مجھے عزت ملی،وہاب ریاض نے اپنے والد کا بھی خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں جگہ دے۔ انٹرنیشنل لیگز کھیلتا رہوں گا۔ سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے پاس شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف ودیگر اچھے باؤلرز موجود ہیں۔ 2011کے ورلڈکپ میں شین واٹسن کے خلاف میرا سپیل یادگار رہا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کو ریٹائرمنٹ لینے والے کھلاڑیوں کیلئے فیئرویل میچ کا انعقاد میرے بعد ضرور کرنا چاہیے۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں زیادہ مزا آیا ہے۔ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ میں کوچنگ کا موقع ملا تو کروں گا ۔میں نے 2000سے کرکٹ کھیلنی شروع کی تھی اور میرا ہر گیند پاکستان کیلئے تھا۔