نگران حکومت آزادانہ انتخابات کیلئے پوری تندہی سے کام کریگی : وزیراعظم
اسلام آباد+ لاہور (خبرنگارخصوصی+ خصوصی نامہ نگار) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سیاحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو مزید ترقی دینے کے احکامات جاری کر دیئے۔ نگران وزیرِاعظم کو بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے قائم خصوصی سرمایہ کاری کونسل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیداوار میں بیرونی سرمایہ کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اس حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاروں کو منصوبوں کیلئے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کونسل ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں بھی بیرونی سرمایہ کاری کی بے شمار استعداد موجود ہے۔ بین الاقوامی معیار کا انفراسٹرکچر کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی توانائی کے شعبے کی بہتری کیلئے ریگولیٹری سٹرکچر کو ہم عصر بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ ملک میں زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے۔ نگران حکومت سرمایہ کاری کونسل کے فورم کا بھرپور استعمال یقینی بنائے گی۔ نگران حکومت اپنے مختصر دور حکومت میں اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی میں صرف کرے گی۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ایک امید کی کرن ہے۔ علاوہ ازیں انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت پاکستان میں آئین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے پوری تندہی سے کام کرے گی۔ ٹویٹ میں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی جانب سے مبارکباد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں اور خطے میں اقتصادی خوشحالی، جمہوریت اور استحکام کے لئے مشترکہ عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ جبکہ نگران وزیر اعظم نے چوہدری شجاعت سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور ملکی ترقی کیلئے رہنمائی کا طالب ہوں، سیاسی سفر کی ابتدا آپ کے ساتھ کی، اب بھی سرپرستی چاہتا ہوں۔ چوہدری شجاعت حسین نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں، مہنگائی سے تدارک کیلئے فوری اقدامات کریں، امید ہے کہ آپ کے دور میں معاشی بہتری آئے گی۔ انوارالحق کاکڑ نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کیلئے آواز بلند کی۔ بلوچستان کے عوام بنیادی حقوق دلانے پر آپ کے مشکور ہیں۔ نگران وزیراعظم سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کیا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ امید ہے نگران حکومت شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمشن کی معاونت کرے گی ۔نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔