پاکستان فٹبال فیڈریشن کے وفد کا جناح سٹیڈیم اسلام آباد کا دورہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے وفد نے جناح سٹیڈیم اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔ پی ایف ایف کے 2 رکنی وفد میں ممبر نارملائزیشن کمیٹی شاہد کھوکھر اور ہیڈ کوچ شہزاد انور شامل تھے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کا وفد سٹیڈیم کے ابتدائی دورے میں سہولیات سے مطمئن رہا۔ شاہد کھوکھر نے کہا کہ وینیو پر دستیاب سہولیات تسلی بخش ہیں۔ ایک دو چیزیں بہتر کرنا ہیں۔ سکور بورڈ کا وینیو کے اندر ہونا اہم ہے۔ پچ کو بروقت کھیلنے کیلئے تیار کرنا ہوگا، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈی جی نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ پاکستان میں میچ کے انتظامات کا حتمی فیصلہ اے ایف سی کی مشاورت سے ہوگا۔ اے ایف سی سے کہیں گے کہ وینیو کے جائزے کیلئے اپنا وفد پاکستان بھیجیں۔ پی ایف ایف کل اے ایف سی اور فیفا کو اسلام آباد کے وینیو پر اپنی آبزرویشن بھیج دے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان کو فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز راؤنڈ میں 17 اکتوبر کو کمبوڈیا سے ہوم میچ کھیلنا ہے۔