• news

جلیل عباس، محمد علی، عمر سیف  انیق احمد، مدد علی ، ندیم جان نے  نگران وزراءکا چارج سنبھال لیا 

 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ جلیل عباس جیلانی سال 2012 اور 2013 میں سیکرٹری خارجہ رہ چکے ہیں جبکہ امریکا، یورپی یونین، بیلجیم، لکسمبرگ اور آسٹریلیا میں بطور سفیر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ دریں اثناءمعروف پاکستانی کمپیوٹر سائنٹسٹ، ماہر امور ٹیکنالوجی، ستارہ امتیاز ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر عمر سیف نے بھی نگران وفاقی وزیر کے طور پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی عبداللہ خان سنبل نے دیگر اعلی افسران کے ہمراہ نگران وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ دریں اثناءنگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے وزارت کا قلم دان سنبھال لیا ہے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے افسران کے ہمراہ وزیرِ مذہبی امور انیق احمد کا استقبال کیا۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد کو وزارت کی ذمہ داریوں سے متعلق ابتدائی بریفنگ دی گئی ، جبکہ محمد علی نے توانائی، بجلی اور پیٹرولیم کے معاملات کو دیکھنے کے لیے نگران وزیر برائے توانائی کا چارج سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے پاور ڈویژن میں ایک میٹنگ کی جہاں انہیں پاور ڈویژن کی پیشرفت اور چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اپنے پہلے دن انہوں نے توانائی کے موثر شعبے کے لیے کام کرنے کے لیے ایک عمومی منصوبہ تیار کیا۔ معروف مصنف، شاعر اور صحافی مدد علی سندھی نے نگران وفاقی وزیر برائے وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے حکام نے نئے تعینات ہونے والے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ نگراں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی کا عہدیداروں سے باقاعدہ تعارف کرایا گیا جس کی قیادت سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وسیم اجمل چوہدری نے کی۔ مدد علی سندھی کو وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اہم کاموں اور ذمہ داریوں کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے پاکستان پولیو پروگرام کا دورہ کیا۔ ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔ وزیر صحت نے قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے سٹاف سے ملاقات کی پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے پولیو کی موجودہ صورتحال پر بریف کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
چارج 

ای پیپر-دی نیشن