• news

مہنگا پٹرول خرید کر سستا دے سکتے نہ آئی ایم ایف معاہدہ کے باعث سبسڈی : وزیراطلاعات

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، جب بھی انتخابات ہوں گے نگران حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کرے گی۔ جمعہ کو یہاں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مرتضی سولنگی نے کہا کہ پوری نگران کابینہ حلف کے تحت آئین و قانون کے مطابق فرائض انجام دینے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ان کی چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہیں ملک میں آزادانہ انتخابات کے انعقاد میں معاونت اور ضروری تقرر و تبادلوں کے لئے الیکشن کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے عزم سے آگاہ کیا تاکہ آزادانہ انتخابات کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے نگران وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات کے دن پہلا ووٹ نگران وزیراعظم اور پھر ان کے بعد کابینہ کے ارکان ڈالیں گے۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ملک میں جاری معاشی صورتحال کے پیش نظر سرکاری اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع نہ کرے۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ ہم پٹرولیم مصنوعات زائد قیمتوں پر خرید کر کم قیمتوں پر فروخت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے حکومت اشیاپر سبسڈی نہیں دے سکتی۔ نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاست اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو بھی مذہب، رنگ یا ذات کے نام پر انہیں نشانہ بنانے کی اجازت نہیں۔ جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔تمام شہریوں کو یکساں انسانی حقوق حاصل ہیں۔ جڑانوالہ واقعہ پر سب نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے معاشرے میں پھیلی انتہاپسندی، تنگ نظری اور عدم بردداشت کے سدباب کے لئے ملک میں صوفی ازم کے فروغ پر زور دیا ہے۔ہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نگران وزیراعظم نے ملک میں انفراسٹرکچر کی تعمیر پر بھی زور دیا۔سوالات کا جواب دیتے ہوئے مرتضی سولنگی نے کہا کہ غربت اور مہنگائی ایک حقیقت ہیں، حکومت قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لئے اپنے اخراجات میں کمی کرے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف جاری قانونی مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں، حکومت فریق نہیں، میڈیا اور تعلیمی اداروں کو معاشرے میں رواداری اور ہم آہنگی کوفروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ نگران حکومت میڈیا پر کسی قسم کی سینسر شپ پر یقین نہیں رکھتی، ملک میں اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ 
نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی جمعہ کو راولپنڈی میں سابق رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی رہائش گاہ پر گئے اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب سے ملاقات کی۔ سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نگراں وزیر اطلاعات بننے پر مرتضی سولنگی کو مبارک پیش کی اور دعا کی کہ آپ اس قومی ذمہ داری میں سرخرو ہوں۔ نگراں وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے مریم اورنگزیب کے اہل خانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر نے مریم اورنگزیب کو 16 ماہ میں وزارت اطلاعات کو بہترین انداز سے چلانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا (ترمیمی) بل 2023کی شاندار قانون سازی آپ کے جمہوری مزاج اور مشاورت کے ہنر کا کمال ثابت ہوئی۔ نہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے کارکردگی کا جو معیار قائم کیا، کوشش ہوگی اس کا تسلسل جاری رکھ سکوں۔ نگراں وزیر اطلاعات نے نیک تمناﺅں کے اظہار اور مبارک باد پر طاہرہ اورنگزیب، مریم اورنگزیب، حسن اورنگزیب اور دیگر اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن