فنڈز کی کمی، افغانستان میں ریڈ کراس کا 25 ہسپتال بند کرنے کا فیصلہ
کابل (نوائے وقت رپورٹ) ریڈ کراس نے افغانستان بھر کے 25 ہسپتالوں کی فنڈنگ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد ان ہسپتالوں سے طبی سہولیات کی فراہمی نہ ہونے کے برابر رہ جائے گی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں فنڈز کی کمی پر ریڈ کراس نے ناکافی وسائل کے باعث 25 ہسپتالوں کے لیے کام کرنے اور مالی امداد سے معذرت کرلی۔ طبی امداد پروگرام کے تحت 33 ہسپتالوں کا نظم و نسق اور مالی معاملات ریڈ کراس کے ہاتھ میں تھا، جن میں سے 8 کو پہلے ہی 10 ہزار ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں اور طبی سامان کی خریداری کے لیے پیسے نہ ہونے پر مرحلہ وار بند کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد مزید اب باقی رہ جانے والے 25 ہسپتالوں کو بھی غیر فعال کیا جا رہا ہے۔ تاہم ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان میں اپنے صحت کے دیگر چند پروگراموں بشمول معذور افراد کی بحالی کی امداد کو جاری رکھے گا۔