حکومت ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر برائے واٹر اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر آفس جنگمن ہوانگ (Ms. Jingmin Huang) کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک پنجاب کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولتوں کے مختلف منصوبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون قابل تعریف ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بہاولپور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو اپ گریڈ کرنے میں تعاون اور سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کا پراجیکٹ ایک اچھا منصوبہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے ملک میں معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کے حصول کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پائیدار انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کی خواہشمند ہے۔اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر برائے واٹر اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر آفس جنگمن ہوانگ (Ms. Jingmin Huang) نے کہا کہ ایشیا ترقیاتی بینک (ADB) پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کی حمایت جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔وفد میں سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نادر چٹھہ، پراونشل پراجیکٹ کوارڈینیٹر ایشیائی ترقیاتی بینک عمران سکندر بلوچ، پاکستان ریزیڈنٹ مشن اربن یونے کے سربراہ شوکت شفیع، ایشیائی ترقیاتی بینک کے اربن ڈویلپمنٹ کے حکام، ڑی جیائی لیو Xijie (CJ) Lu ، سیکرٹریز اور دیگر موجود تھے۔