کوئٹہ‘ قلات میں دھماکے‘ فائرنگ سے نیشنل پارٹی کے رہنما میر دوران کھوسہ زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ ‘ نوائے وقت رپورٹ) قلات میں دھماکہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیویز کے مطابق جمعہ کو قلات کے علاقے مہلبی میں قومی شاہراہ پر کریکر بم کا دھماکہ ہوا تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ کوئٹہ میں دستی بم کا دھماکہ ہوا۔ کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نیشنل پارٹی کے رہنما زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ونیشنل پارٹی کے رہنما میر دوران خان کھوسہ زخمی ہو گئے جنہیں فوری طورپر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نیشنل پارٹی نے دوران خان کھوسہ پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔