• news

9 مئی واقعات میں ملوث ملزم ارسلان کی عمر 14 نہیں، 20 سال: عامر میر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان حکومت پنجاب عامر میر نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزم ارسلان کی عمر بارے پروپیگنڈا جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارسلان کی عمر 14 برس نہیں بلکہ 20 برس ہے۔ چند میڈیا پرسنز ارسلان کی عمر بارے غلط انفارمیشن چلا رہے ہیں۔ ترجمان حکومت پنجاب عامر میر نے کہا کہ ملزم ارسلان  نے دہشت گردی کورٹ میں بوگس برتھ سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا جو پکڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل ریکارڈ کے مطابق ملزم ارسلان بالغ ہے، اسکی تاریخ پیدائش 24 اگست 2003 ہے۔ اس لحاظ سے اس کی عمر 20 سال بنتی ہے۔ عامر میر نے کہا کہ ملزم ارسلان نے بوگس برتھ سرٹیفکیٹس بنا کر عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ملزم ارسلان نے ایک نہیں بلکہ 3 بوگس برتھ سرٹیفکیٹس بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کی فیملی کی جانب سے تحقیقاتی اداروں کے خلاف جھوٹا پروپگنڈا کیا جا رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پولیس 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن