• news

جڑانوالہ واقعہ قابل مذمت، مسیحی برادری کی املاک پر حملہ اسلام، آئین کیخلاف: منور جماعتی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں قرآن کریم کی توہین کے دلخراش واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ جڑانوالہ میں قرآن کریم کی توہین کے بعد ردعمل میں مسیحی کمیونٹی کی املاک پر حملہ نہ صرف دین اسلام کی تعلیمات اور آئین پاکستان کی بنیادی روح کی خلاف ورزی ہے بلکہ اسلام اور آئین پاکستان تمام اقلیتوں کی جان، مال اور ان کی عبادت گاہوں کے احترام اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔ توہین قرآن میں ملوث افراد اور مسیحیوں کے گرجا گھر، مکانات اور املاک کو آگ لگانے والے افراد کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ تحصیل میں ہونے والے فسادات انتہائی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید کی توہین، کسی بھی مذہب کی عبادت گاہوں اور مقدس کتابوں کی توہین کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کی صاف و شفاف تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح پر کمیٹی قائم کی جائے۔ واقعہ کی حکومت سے غیر جانبدار تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر تے ہیں، ریاستی ادارے غیر جانبدارانہ اپنی ذمہ داری نبھاتے ہو ئے اس سارے واقعہ میں ملوث مجرمو ں کو کٹہرے میں لائیں۔

ای پیپر-دی نیشن