سیفٹی گارڈز کے بغیر پولیس کا ہر چھاپہ غیر قانونی ہوگا: لاہور ہائیکورٹ
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے پولیس چھاپے میں وہاڑی کے رہائشی کی بھینسیں اور طلائی زیورات ساتھ لے جانے کے کیس میں 22 اگست کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے تفصیلی جوب طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیفٹی گارڈز کے بغیر پولیس کا ہر چھاپہ غیر قانونی ہوگا، غیر قانونی چھاپہ مارنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت پولیس بھینسیں اور طلائی زیورات ساتھ لے گئی، آئے روز پولیس کی طرف سے شہریوں کا سامان لے جانے کی شکایات آرہی ہیں، پولیس کو کیسے کھلا چھوڑ سکتے ہیں؟ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ پولیس چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرے اور عدالت خاموش رہے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بتائیں کیا قانون پولیس کو ایسا کرنے کی اجازت دیتا ہے، کیا چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی پولیس کو اجازت دی جاسکتی ہے؟ ایسے واقعات پر آنکھیں بند نہیںکر سکتا ہوں، عدالت ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی پابند نہیں ہے۔