پاک فوج نے شدید زخمی غیر ملکی کوہ پیماؤں کو بحفاظت نکال لیا
شگر، گلگت (نوائے و قت رپورٹ+ آئی این پی) پاک فوج نے کنکورڈیا اور شگر کے مقام پر پھنسے بیشتر غیر ملکی کوہ پیمائوں کو بحفاظت نکال لیا۔ غیر ملکی کوہ پیما پاک فوج کے مشکور اور بہترین کاوشوں کے معترف ہیں۔ گزشتہ روز ایک مقامی گائیڈ کے ہمراہ ایک پولش اور 4برطانوی کوہ پیمائوں کی ٹیم کنکورڈیا اور شگر کے مقام پر پھنس گئی تھی۔ 4 برطانوی کوہ پیمائوں کو برف پوش پہاڑی سلسلہ کنکورڈیا کے مقام جبکہ پولش کوہ پیما اور مقامی گائیڈ کو 17ہزار فٹ بلند شگر کے مقام سے ریسکیو کیا گیا۔ برطانوی کوہ پیمائوں میں جارج ہرسٹ، ڈیوڈ کوپ، اسٹیفن ریان اور ڈیرن کوربی شامل ہیں جبکہ پولش کوہ پیما ایڈم مقامی گائیڈ محمد اقبال کے ہمراہ تھے۔ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے تمام کوہ پیمائوں کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا۔ دریں اثناء مقامی کوہ پیما ٹیم نے افغان کوہ پیما کی لاش کو ریسکیو کر لیا۔ حسن سدپارہ ریسکیو ٹیم نے 7200 فٹ کی بلندی سے لاش کو ریسکیو کیا۔