واربرٹن توہین قرآن کے ملزموں کے چالان یکم ستمبر کو جمع کرانے کا حکم
واربرٹن( نامہ نگار) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے واربرٹن تو ہین قرآن اور تھانہ پر ہلہ بول کر ملزم کو قتل کرنے کے دہشت گردی کیس کی با قاعدہ سماعت شروع کردی ہے ۔اور 53ملزمان کو 24اگست کو سماعت کے لیے پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔جبکہ پولیس کو بقیہ تمام ملزمان کے چا لان مکمل کرکے یکم ستمبر کو جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔چھ ماہ قبل 11فروری کو واربرٹن میں وارث علی نے توہین قرآن کی تھی جس پر پولیس ملزم کو حراست میں لیکر تھانہ واربرٹن لے آئی ۔تو شہریوں کی بڑی تعداد نے تھانہ پر حملہ کرکے توڑ پھوڑکی اور ملزم وارث علی کو تھانہ سے نکال تشدد کرکے قتل کردیا تھا ۔جس کا مقدمہ17 نامزد اور 800نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ۔پولیس نے 100سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا ۔ جس میں سے 50کے قریب ملزمان نے ضمانتیں کروالیں ۔ بے گناہ ملزمان سمیت درجنوں ملزمان 6ماہ سے کوٹ لکھپت جیل میں بند ہیں ۔7ملزمان نے ضمانتوں کے لیے اپیل کی ۔انسدادی دہشت گردی عدالت نے 6ملزمان کو ٹرائل میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ملزم فیضان ولد گلزار کی ضمانت کی تاریخ21اگست مقرر کردی ہے۔