پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں ہڑتال، احتجاج، دھرنا جاری
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کیخلاف ملازموں کا احتجاج جاری رہا، قلم چھوڑ ہڑتال کی اور دھرنا دیا۔ پی آئی اے ایکشن کمیٹی نے تنخواہوں اور نجکاری کیخلاف ہیڈ آفس پر علامتی کام چھوڑ ہڑتال شروع کر دی۔ ملازموں نے ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا دیا۔ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ایکشن کمیٹی کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر دو گھنٹے کی ہڑتال کی جا رہی ہے۔ صدر پیپلز یونٹی ہدایت اللہ خان نے کہا پی آئی اے کی دو حصوں میں تقسیم کسی صورت قبول نہیں، مطالبات پورے نہ کئے تو احتجاج کا سلسلہ طویل ہو سکتا ہے۔ کراچی سمیت ملتان، کوئٹہ، اسلام آباد، لاہور، پشاور بکنگ آفس میں بھی ملازموں کا احتجاج جاری ہے۔