• news

گورنر سندھ سے سعودی سفیر کی ملاقات‘ اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔ حج و عمرے کیلئے سعودی عرب جانے والے پاکستانی شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں، مقامات مقدسہ کے باعث پاکستانی عوام کو سعودی عرب سے خاص عقیدت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی اخوت پاک سعودی عرب تعلقات کی بنیاد ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے سعودی سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں۔ سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، گورنر سندھ کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات مثالی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن