• news

بسوں کے کرایہ میں 10فیصداضافہ ‘ یوٹیلٹی سٹورز پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 45 روپے مہنگا

لاہور +اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مہنگائی میں پسے غریب عوام کی مشکلات میں اور اضافہ، یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کے تھیلے کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔  پنجاب میں بسوں کے کرایہ میں 10فیصداضافہ کیا گیا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈی واپس لینے سے 10 کلو آٹا 1420 روپے کا ہو گیا، عام صارفین کیلئے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 45 روپے اضافہ ہوا۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کی قیمت ملک میں آٹے کی اوسط قیمت سے زیادہ ہو گئی، یوٹیلیٹی سٹورز پرعام صارفین کیلئے آٹے کی نئی قیمت مقرر کر دی گئی، عام صارفین کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پر 20 کلو آٹا 2840 روپے کا ملے گا۔ بی آئی ایس پی صارفین کیلئے آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 648 روپے ہے، گزشتہ ہفتے بی آئی ایس پی کے سوا باقی صارفین کیلئے سبسڈی ختم کی گئی۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیئے ہیں۔ کراچی میں انٹر سٹی بسوں کا کرایہ بڑھا دیا گیا۔ کراچی سے حیدر آباد کا کرایہ 700 روپے اور راولپنڈی کا 5 ہزار ہو گیا۔ رکشوں اور گاڑیوں کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ مسافر ٹرینوں کے کرائے دس فیصد بڑھے ہیں۔ پنجاب میں بسوں کے کرائے دس فیصد بڑھا دیئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن