قصور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ ، زندگیوں کا تحفظ پہلی ترجیح : محسن نقوی
لاہور‘ قصور (نوائے وقت رپروٹ+ نمائندہ نوائے وقت) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے تلوار پوسٹ گنڈا سنگھ والا پہنچ گئے۔ وزیر اعلی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کیمپ اور گنڈا سنگھ والا کے سرحدی دیہات میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرین کے لئے کھانے پینے کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ مویشیوں کے لئے چارے کا بھی انتظام کیا جائے۔ لوگوں کے ساتھ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کا انخلاءہر صورت یقینی بنایا جائے۔ لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔ کشتیوں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے محکمہ آبپاشی کے جاں بحق بیلدار کے لواحقین کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کاطویل دورہ کیا۔ بائی پاس آپریشن کا بیک لاگ ختم کرنے کیلئے مزید سرجنزکی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن ہو گی، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پلان کی منظوری دے دی۔ پہلے مرحلے میں ایمرجنسی کے گراو¿نڈ فلور کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مریضو ں کی عیادت کی اوران کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو بائی پاس آپریشن 7روز اورانجیو گرافی4روز کے اندر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی آئی سی کے تمام آپریشن تھیٹرز انفکشن فری ہو چکے ہیں۔ آپریشنز کا بیک لاگ جلد ختم ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی سے بزرگ مریض محمد فاروق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کی بہتری کیلئے آپ دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ بزرگ مریضہ شاہدہ پروین نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سر پر ہاتھ پھیر کر ڈھیروں دعائیں دیں اور کہا کہ”بیٹا آپ اچھا کام کر رہے ہیں، محسن نقوی نے گنڈا سنگھ والا کے دورے کے دوران گورنمنٹ ہائی سکول شیخ پورہ نو میں قائم ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور ریلیف کیمپ کے کمرے میں چارپائی پر بیٹھی ہوئی 2بزرگ خواتین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے ریلیف کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں او رکھانے پینے کے انتظام کے بارے میں پوچھا۔ محسن نقوی کی ہدایت پر 5سال سے بند ایل ڈی اے اسفالٹ پلانٹ فنکشنل کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شاہکام ڈیفنس روڈ پر واقع اسفالٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کنٹرول روم کا معائنہ کر کے ورکنگ کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اسفالٹ پلانٹ کے دھواں کو کنٹرول کرنے اور کام کرنے والے ورکرز کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال کے نئے ایمرجنسی بلاک اورپناہ گاہ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج ذیایبطس کی کم سن مریضہ ماہ نور اور نو عمر محمد قمر جاوید سے نئے ایمرجنسی بلاک کا باقاعدہ افتتاح کرایا جبکہ سرائے کا افتتاح فارماسسٹ ڈاکٹر عقیلہ اقبال نے کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئے ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور او آر ایس روم، آئسولیشن اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سپیشل بچوں کے لئے بنائے گئے واش رومز بھی دیکھے۔