آئندہ الیکشن میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا زیادتی اور احسان فراموشی ہے۔ آئندہ الیکشن میں انھیں ووٹ کا حق دیا جائے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں، حکومتوں نے اوورسیز کو مایوس کیا، گزشتہ دو برسوں میں ترسیلات زر میں اضافہ ہونے کی بجائے کمی آئی۔ سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کو بحال کرنا ہو گا، ان کی ملک میں موجود فیملیز اور پراپرٹیز کو تحفظ دیا جائے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر اوورسیز کے لیے محسن پاکستان کارڈ جاری کرے گی۔ انھیں ائیرپورٹس پر وی آئی پیز کا درجہ ملے گا۔ اوورسیز یونیورسٹی کا قیام جماعت اسلامی کے منشور کا حصہ ہے۔ اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ منصورہ میں جاری دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کے پہلے سیشن میں شرکت اور بعدازاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ مغرب میں نبی اکرمؐ، قرآن کریم اور شعائر اسلام کی بے حرمتی کے متواتر واقعات سے پونے دو ارب مسلمانوں کے دل زخمی ہیں۔ مغربی ممالک کی حکومتیں مٹھی بھر جنونیوں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں۔ قرآن کریم روشنی ہے جسے کسی صورت ختم نہیں کیا جا سکتا۔ جماعت اسلامی شعبہ امور خارجہ کے زیر اہتمام دو روزہ عالمی کانفرنس میں یورپ، امریکا، لاطینی امریکا، ایشیا اور افریقہ کے مختلف ممالک کے وفود شریک ہیں۔ کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، عنایت اللہ خان، حافظ نعیم الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ اہم شرکاء میں نائب امیر جماعت اسلامی فرید پراچہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف شامل تھے۔ شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیے۔ سراج الحق نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک قرضوں کی دلدل میں پھنس چکا ہے۔