نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر کا جنرل ہسپتال لاہور کا اچانک دورہ
لاہور (نیوز رپورٹر)نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے لاہور جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ کیا - دورے کا مقصد ہسپتال میں صحت وصفائی اور علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لینا تھا - صوبائی وزیر نے میڈیکل وارڈ میں مریضوں اوران کے لواحقین سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا - صوبائی وزیر نے وزیراعلی محسن نقوی کے ہسپتال کے دورے اور ہدایات کے بعد جنرل ہسپتال میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران نصب کئے گئے ایئر کنڈیشنززکا بھی معائنہ کیا اور ان کی کارکردگی کے بارے میں مریضوں سے استفسار کیا ۔ہسپتال کی انتظامیہ نے صوبائی وزیر منصور قادر کو بریفنگ دیتے بتایاکہ اب ادارے میں مجموعی طور پر مریضوں کیلئے 600 سے زائد ایئر کنڈیشنرز کام کررہے ہیں۔صوبائی وزیر منصورقادر نے بعدازاں گھریلو تشدد کا شکار ہونے والی بچی رضوانہ کی بھی عیادت کی اور اس کے لواحقین سے طبی سہولیات کی بہم رسانی کے بارے میں پوچھا - انہوں نے لواحقین کو یقین دلایا کہ نگران وزیراعلی بچی کی جلد سے جلد صحت یابی کو یقینی بنانے کیلئے اس کے علاج کے عمل کی مستقل مانیٹرنگ کررہے ہیں ۔