جناح ہاؤس جلایا جائے یا چرچ، یہ پاکستان پر حملہ ہے: وزیر انسانی حقوق
لاہور:(نوائے وقت رپورٹ) نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا کہ 9 مئی اور سانحہ جڑانوالہ کے ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ خلیل جارج نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمارا اثاثہ ہے جس کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔ ملک دشمن عناصر کی ہر سازش ناکام ہوگی۔ سانحہ جڑانوالہ پر بات کرتے ہوئے خلیل جارج نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ 9 مئی اور سانحہ جڑانوالہ کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے، ہم 9 مئی اور سانحہ جڑانوالہ کی بھرپور مذمت کرتے رہیں گے۔ جڑانوالہ میں چرچ جلایا جائے یا لاہور میں جناح ہاؤس، یہ پاکستان پر حملہ ہے۔ کوئی مسلمان، مسیحی عبادت گاہ کو نہیں جلا سکتا۔ الیکشن کروانا الیکشن کمشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔