پرویز الٰہی کا لاء افسروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ خزانے پر بوجھ
لاہور (خبر نگار) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کا لاء افسران کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ خزانے پر بوجھ بن گیا۔ لاہورہائیکورٹ کے ججوں کی تعداد 40 ہے جبکہ حکومتی لاء افسران کی تعداد81 ہے، جو لاہور ہائیکورٹ کے موجودہ ججوں کی تعداد کا دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔ 40 عدالتوں کیلئے لاہور ہیڈ آفس میں 1 ایڈووکیٹ جنرل ، 17 ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل،39 ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ، اسلام آباد میں 5 ، راولپنڈی میں 9 جبکہ ملتان میں 10 لاء افسران تعینات کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی تنخواہ ساڑھے 6لاکھ روپے، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی 5 لاکھ 36 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی نے10ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور20 اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل مزید تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔