• news

شہریارآفریدی کی ایم پی او میں گرفتاری کے خلاف کیس میں تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود شہریارآفریدی کی ایم پی او میں گرفتاری کے خلاف کیس میں ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کے خلاف توہین عدالت کیس کا تحریری حکم جاری کردیا۔جسٹس بابر ستار نے توہین عدالت کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شوکاز نوٹس پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ایس ایس پی آپریشنز کا جواب غیر تسلی بخش ہے۔ ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن اور ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر پر 28 اگست کو فرد جرم عائد ہوگی۔ڈی سی اسلام آباد نے ہائی کورٹ کے ایم پی او پر پہلے سے جاری فیصلے کی خلاف ورزی کی۔ جون میں شہریار آفریدی کے خلاف جاری ایم پی او ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دیا تھا۔ ہائی کورٹ کا آرڈر ایگزیکٹو پر لازم نہ ہونے کا تاثر دے کر ڈی سی نے نظام انصاف کو نیچا دکھانے کی کوشش کی۔فیصلیمیں مزید کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کا جواب بھی غیرتسلی بخش ہے۔ بادی النظر میں ایس ایس پی آپریشنز نے سورس رپورٹ ربڑ اسٹیمپ کے طور پر لی اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی۔ ایس ایچ اور اور ڈی پی او کو بھی شوکاز نوٹس جاری کرکے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن