• news

چین کی چائنا یوریشیا کموڈٹی اینڈ ٹریڈ ایکسپو میں پاکستان مینگو فیسٹیول

 لاہور(کامرس رپورٹر )ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ( ٹی ڈی اے پی) کے ذریعے وزارت تجارت نے 17 اگست 2023ء  کو چین کے شہر ارمچی میں چائنا یوریشیا کموڈٹی اینڈ ٹریڈ ایکسپو 2023ء میں پاکستان مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ فیسٹیول کا افتتاح سنکیانگ کے گورنر ،سینیٹر رانا محمود الحسن اور سابق وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے مشترکہ طور پر کیا۔ فیسٹیول میں پاکستانی کاشتکاروں نے پاکستان پویلین میں سفید چونسہ کی ایک نئی قسم متعارف کرائی۔سینیٹر محمود الحسن نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ ''مینگو ڈپلومیسی'' نے پاک چین تعلقات کو فروغ دینے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی آم اپنے ذائقے اور خوشبو میں منفرد ہیں اور اپنی مٹھاس کی وجہ سے مشہور ہیں۔ انہوں نے ذکر کیا کہ پاکستان نے ان آموں کو کوویڈ 19 وبائی امراض کے بعد چین میں متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں آم کا چھٹا بڑا پیدا کرنے والا اور چوتھا بڑا برآمد کنندہ ہے۔ انہوں نے چینی ماہرین اور پاکستان کی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ سابق وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے فیسٹیول کی میزبانی پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا جس سے پاکستان کو پاکستانی آموں کی نمائش کا موقع ملا۔

ای پیپر-دی نیشن