سائفر گمشدگی کیس میں اسد عمر بھی گرفتار ، شاہ محمود کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ایف آئی اے سائفر گمشدگی کیس کی تفتیش میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو گرفتار کر لیا گیا،سائفر کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی کابینہ کے وزرا اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی لیک آڈیو بنیادی اہمیت کی حامل بن گئی ۔ایف آئی اے ٹیم نے اسد عمر کو سیکٹر ایف 8 سے گرفتار کیا ۔تاہم ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ وہ اس گرفتاری کی تصدیق یا تردید نہیں کریں گے ۔
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سائفر گمشدگی کیس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا ایک روز ہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ ڈیوٹی مجسٹریٹ اسلام آباد احتشام عالم نے کیس کی سماعت کی ،دوران سماعت ایف آئی اے نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ڈیوٹی مجسٹریٹ احتشام عالم نے میڈیا کو کمرہ عدالت سے نکال دیا۔ ایف ٓئی اے کی جانب سے عدالت سے ملزم کے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی ،عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے حوالے کرتے ہوئے آج عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔