• news

محسن نقوی کا دورہ جڑانوالہ ، پہلی بار چرچ میں کابینہ اجلاس ، ہر متاثرہ خاندان کیلئے 20 لاکھ امداد کا اعلان 

 لاہور(نیوز رپورٹر)”اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں“کے مصداق پنجاب حکومت کا مسیحی برادری سے بھرپور اظہار یکجہتی کیلئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی تمام صوبائی وزرائ کے ہمراہ جڑانوالہ کے علاقے عیسی نگر پہنچے ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی اور صوبائی وزراءایک ہی کوچ میں بیٹھ کر اے ای سی چرچ پہنچے اور مسیحی برادری کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بارنگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے چرچ کے اندر ہی صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی کابینہ نے متفقہ طورپر جڑانوالہ واقعہ میں نذرآتش کیے جانے والے گھروں کے مالکان کیلئے 20لاکھ روپے فی گھر مالی امداد کی منظوری دی۔محسن نقوی نے کہا کہ واقعہ میں نذرآتش ہونے والے ہرگھر کے مالک کو 20لاکھ روپے کی امدادی رقم کے چیک48گھنٹے تک متاثرین کو دے دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جڑانوالہ کے دو گرجا گھروں کی تعمیر وبحالی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ دیگر گرجاگھروں کی مسیحی برادری کی مرضی کے مطابق جلد تعمیر وبحالی کی جائے گی۔یہاں آنے کا مقصد آپ کے دکھ میں برابرمیں شریک ہونا ہے۔ متاثرہ لوگوں کو انصاف دلانے کا وعدہ پورا کریں گے۔چرچ میں پاکستان کی سا لمیت، استحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اور ملک و قوم کے اتحاد و یکجہتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جڑانوالہ چرچ میں مسیحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا وعدہ ہے انصاف ضرور ملے گا،پوری ٹیم انصاف دلوانے کیلئے کام کررہی ہے۔دوچرچ سوفیصد بحال کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے کل کام شروع کیا تھا اورآج یہ کام مکمل ہوگیا ہے۔بے شک مجھے دس دفعہ آنا پڑے جتنے چرچ ہیں سارے کے سارے چرچ بحال کیے جائیں گے۔محسن نقوی نے صوبائی وزراءکے ہمراہ دانش سکول جڑانوالہ میں متاثرہ مسیحی خاندانوں کیلئے قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے متاثرہ مسیحی خاندانوں سے ملاقات کی اورانہیں دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مسیحی خاندانوں سے گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے۔محسن نقوی نے کہاکہ متاثرین کے نقصانات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے متاثرہ خاندانوں کی جلد رجسٹریشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چرچوں کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ چرچوں کو جلد اصل حالت میں بحال کریں گے۔بعدازاں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی صوبائی وزراءکے ہمراہ جڑانوالہ میں جامع مسجد صابری پہنچے اور امن کمیٹی کے ممبران، تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات کی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے زیر تعمیر اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کی تمام پائلیں اور پائل کیپس مکمل، وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ کے وسط میں منصوبے کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے یوٹرن کی ڈیزائننگ بہتر بنانے کی ہدایت کی اورکالج روڈ تا اکبر چوک ماڈل سڑک بنانے کا حکم دیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور سٹرکوں کی تعمیر کا معائنہ کیا۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ انڈس ہسپتال کاہنہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ کئی وارڈز میں اے سی بند، صفائی کے ناقص انتظامات، بیڈ شیٹس پر خون کے دھبے،واش رومز کی ابتر حالت، پانی کی لیکج،ڈاکٹرز غائب،عملے کے ناروا سلوک سے مریض نالاں،عملہ وارڈز میں داخل مریضوں کے ریکارڈ کے بارے میں غلط بیانی کرتا رہا۔ مریضوں اور تیمارداروں نے ہسپتال عملے کے نا مناسب رویے اور چیک اپ میں بلاجواز تاخیر کے بارے شکایات کے انبار لگا دئیے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی ہسپتال نے صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیااورغلط بیانی پر عملے کی سرزنش کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی،بچہ وارڈ، سرجیکل آرتھوپیڈک،لیب،فارمیسی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر کوچ میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انتظامیہ اور پولیس سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔محسن نقوی نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی

ای پیپر-دی نیشن