معاشرے میں عدم برداشت پھیل چکی، مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، چوہدری سالک
لاہور (نوائے وقت رپورٹ ) سابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے ہمارے معاشرے میں عدم برداشت بہت پھیل چکی ۔ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں نوجوانوں کے پاس ڈگریاں ہیں لیکن نوکری نہیں ملتی۔ فنی اور تیکنیکی تعلیم حاصل کرنے کی زیادہ ضرورت ہے۔ بیرون ملک جانے کے لیے بھی کوئی ہنر سیکھنا ضروری ہے۔ نوجوانوں کو اپنا اخلاق سب سے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں دوسری جماعتوں کے لوگوں کی طرح گالم گلوچ نہیں کرنا ۔ ہماری حکومت آئی تو معاشی حالات سب کے سامنے تھے۔ حکومت کا ڈیڑھ سال کا وقت گزرا کوئی بھی الزام نہیں لگا، کوئی سکینڈل نہیں بنا۔ سیاست کا معیار بدل گیا آج کل وہی کامیاب ہیں جو اور کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا صدر پاکستان سپریم نہیں، آئین سپریم ہے۔ کیا صدر نے بل پاس نہ کرنے کی کوئی وجہ بتائی ہے؟نگراں وزیراعظم کے لیے ہم سے مشاورت کی گئی تھی۔ الیکشن اگر نہیں ہوتے تو اس کی وجہ ہونی چاہیے۔ ہم چوہدری پرویزالہٰی کو منانے نہیں ملاقات کرنے گئے تھے۔ شہباز شریف سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے کہا تھا سیٹ ایڈجسمنٹ ہونی چاہیے۔ ہمارا بھی خیال ہے سیٹ ایڈجسمنٹ ہونے پر کوئی حرج نہیں ۔ تحریک انصاف بھی میدان میں ہوگی۔