خاتون سمیت 5 ڈاکوؤں نے 51 لاکھ لوٹ لئے‘ مزاحمت پر ایک شہری زخمی
لاہور (نامہ نگار) شہر میں ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی وچوری کی وارداتوں میں متعددشہریوں سے کروڑوں روپے‘ ، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کردیا ہے۔ گارڈن ٹاؤن میں شفیق سے گن پوائنٹ پر 20 لاکھ لوٹ لئے‘ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے شفیق کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ فیصل ٹاؤن میں خاتون سمیت پانچ ڈاکوؤں نے وقاص لیاقت کے گھرگھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 51 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، غازی آباد میں سلیم اور اس کی فیملی سے 5 لاکھ ‘ طلائی زیورات اور موبائل فون، مصطفی ٹاؤن میں نصیر اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ نقدی، زیورات اور موبائل فون، ملت پارک میں افضال سے 60 ہزار اور موبائل فون، اسلام پورہ میں وسیم سے 50 ہزار اور موبائل فون، لوئر مال میں شمس سے 30 ہزار اور موبائل فون، لٹن روڈ میں عابد سے 26 ہزار اور موبائل فون، نواب ٹاؤن میں ڈاکو احد سے7 ہزار اور موبائل فون، نشتر کالونی میں شہباز سے 5 ہزار اور موبائل فون، شاہدرہ میں عامر سے 3 ہزار روپے، موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے ہربنس پورہ میں بلال کی ورکشاپ سے 11 لاکھ 88 ہزار مالیت کی مشینیں اور دیگر سامان چوری کر لیا ہے۔ چوروں نے ڈیفنس، غازی آباد، غالب مارکیٹ اور گارڈن ٹاؤن سے چار کاریں جبکہ کاہنہ، اسلام پورہ، لوئرمال، شفیق آباد، مصری شاہ، مزنگ، شاہدرہ، بھاٹی گیٹ، نولکھا کے علاقوں سے نو موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔