• news

دنیا کے سب سے بڑے لیڈر خاتم النبیین نے امن و محبت کا پیغام دیا:حسین محی الدین 

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن شمالی پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ ”لیڈرشپ ڈویلپمنٹ“ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ کائنات کے سب سے بڑے لیڈر خاتم النبیین حضور نبی اکرم ہیں۔آپ کی سیرت طیبہ کا ہر گوشہ تاقیامت ذریعہ رہنمائی رہے گا۔ منہاج القرآن نے پوری دنیا میں امن اور محبت کا پیغام دیا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کارکنان کی تربیت کرتے ہوئے ہمیشہ کہا میں منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے کارکنان کو امن اور اتحاد و یکجہتی کا سفیر دیکھنا چاہتا ہوں۔منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سینکڑوں موضوعات پر 1 ہزار سے زائد کتب تحریر کیں اور شرق و غرب ہزار ہا لیکچرز دئیے۔ایک مثالی قائد علم سے محبت کرنے والا ہوتا ہے۔ اس کا اخلاق،کردار قول و فعل بھی سب کیلئے مثالی ہوتا ہے۔ خوشحالی اور استحکام مثبت انداز فکر اپنانے،دستیاب وقت کی قدر کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول سے وابستہ ہے۔ مسلمان جب تک علم و تحقیق اور محنت کے راستے پر تھے تو وہ دنیا کی ہر شعبے میں قیادت کر رہے تھے۔ نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈی نیشن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو شعور دیا۔ڈائریکٹر تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے تنظیمی استحکام اور فہم دین پراجیکٹ پر روشنی ڈالی ۔نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی نے سوشل میڈیا کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ورکشاپ میں جہلم ،راولپنڈی ،چکوال ،اٹک ،سرگودھا،اسلام آباد،مری اور بھکر سے اڑھائی سو سے زائد ماسٹر ٹرینرنے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن