واپڈا ماڑی پیٹرولیم آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی چیمپئن بن گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر انتظام ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے زیر اہتمام دوسرا ماڑی پیٹرولیم آزدی کپ ہاکی ٹورنامنٹ 2023ء لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم ہاکی سٹیڈیم ایوب پارک میں کھیلا جارہا تھا‘ واپڈا کی فتح کیساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ واپڈا نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ماڑی پیٹرولیم کو شکست دیکر دوسرے ماڑی پیٹرولیم آزادی کپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔مہمان خصوصی چیئرمین فوجی گروپ آف کمپنیز اینڈ ایم ڈی فوجی فاؤنڈیشن وقار احمد ملک ( ستارہ امتیاز) نے فائنل میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ واپڈا کے عمر بھٹہ، توثیق ارشد اور سلمان رزاق نے ایک گول کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔فاتح ٹیم واپڈا کو ٹرافی اور بیس لاکھ روپے جبکہ ماڑی پیٹرولیم ٹیم کو رنرز اپ ٹرافی کیساتھ پندرہ لاکھ روپے نقد انعام دیا۔ وقار احمد ملک نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور دوبارہ عروج کے حصول کیلئے حکومتی اداروں کیساتھ ساتھ نجی کارپوریٹ اداروں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان ہاکی کو دنیا بھر میں پھر سے وہی عروج حاصل ہو سکے۔ ایم ڈی ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماڑی پیٹرولیم کمپنی پاکستان ہاکی فیڈریشن کیساتھ مل کر قومی کھیل ہاکی کی ترقی و ترویج میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔