فیفا ویمنز ورلڈکپ کا تاج سپین کے سر سج گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) فیفا ویمنز ورلڈکپ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپینش ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا۔ سڈنی میں کھیلے جانیوالے فیفا عالمی کپ کے فائنل میں انگلش خواتین کو فائنل میں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، میچ کا واحد گول اولگا کارمونا نے سکور کیا۔سپین کی ٹیم نے پہلی بار ویمنز ورلڈکپ کا ٹائٹل جیتا ہے، 29 ویں منٹ میں اولگا کی جانب سے کیا جانے والا گول دونوں ٹیموں کے درمیان فرق ثابت ہوا۔ ویمنز فٹبال ورلڈکپ کے فائنل سے گھنٹوں قبل ہی سڈنی اسٹیڈیم میں شائقین کی آمد شروع ہوگئی تھی، شائقین اپنے ساتھ ڈرمز اور دیگر سامان بھی لے کر آئے تھے جس نے خواتین کے فائنل میں فیسٹیول کا سماں پیدا کردیا تھا۔فیفا ویمنز ورلڈکپ میں میزبان آسٹریلیا کو شکست دے کر سویڈن نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ برسین میں کھیلے گئے میچ میں سویڈن نے آسٹریلیا کو چاروں شانے چت کیا۔ یورپی ٹیم نے یہ میچ 0-2 سے جیت کر برانز میڈل اپنے نام کیا۔ سویڈش ویمنز کی جانب سے فریڈولینا اور اسلانی نے گول کیے۔