• news

بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ ، ایک شہری شہید ، 3 خواتین زخمی: مہم جوئی کا بھرپور جواب دینگے : آئی ایس پی آر


اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے بزرگ شہری کو شہید کر دیا جب کہ فائرنگ کی زد میں آ کر تین خواتین زخمی ہو گئیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے معصوم پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا، فائرنگ کی زد میں آ کر گاں اولی ضلع کوٹلی کے رہائشی ساٹھ سالہ بزرگ غیاث شہید ہو گئے جب کہ کھیتوں میں گھاس کاٹتے ہوئے تین خواتین زخمی ہو گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سیز فائر مفاہمت کی صریح خلاف ورزی ہے۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں پر امن و سکون کا خواہاں ہے تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستانی عوام کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
 بھارت فائرنگ 

ای پیپر-دی نیشن