ملازمہ تشدد کیس،رضوانہ کے گہرے زخموں کی فلیپ سرجری
لاہور ( این این آئی) تشدد کا نشانہ بننے والی گھریلو ملازمہ رضوانہ کا جنرل ہسپتال میں پلاسٹک سرجری کا سیشن کیا گیا، کچھ زخموں کی فلیپ سرجری جبکہ کچھ کی سکن ڈرافٹنگ ہوئی۔تفصیلات کے مطابق گھریلو ملازمہ رضوانہ کو جنرل ہسپتال لاہور کے پرائیوٹ کمرے میں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔سرجنز کی ٹیم رضوانہ کو پیر کی صبح 10 بجے آپریشن تھیٹر لے گئی، جہاں ڈھائی گھنٹے کے دوران بچی کے کچھ گہرے زخموں کی فلیپ سرجری ہوئی اور کچھ زخموں کی سکن ڈرافٹنگ کی گئی۔ڈاکٹرز کے مطابق بچی کی حالت پہلے سے بہتر ہے، تاہم کمر اور سر کے زخموں کی ریکوری بہت ضروری ہے، کمر کیلئے جدید پریشر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے جب کہ پلاسٹک سرجری کے عمل میں تمام ماڈرن ٹیکنیکس استعمال کی جارہی ہیں۔